عمران خان کو بندوق کے زور پر نہیں عدالتی راستےسے رہا کروائیں گے: علی محمد خان
اسلام آباد :تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کو عدالتی راستے سے رہا کرانے کی کوشش کریں گے۔ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی تحریک میں تیزی آئی ہے، اور ہم نے پارلیمنٹ میں بھی اپنی آواز اٹھائی ہے۔ علی محمد خان نے واضح کیا کہ جب کوئی جماعت اپنے لیڈر کی رہائی کی بات کرتی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ یہ کام بندوق کے زور پر کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم عمران خان کو جیل سے نکالنے کی کوشش کریں گے تو اس سے مزید مسائل پیدا ہوں گے، تاہم ہم انہیں عدالتی طریقے سے رہا کروائیں گے۔ علی محمد خان نے اس بات پر زور دیا کہ 8 فروری کو قوم نے بانی پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت کو قوم پر مسلط کر دیا گیا ہے، جو آئینی ترامیم لانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سپریم کورٹ کے انصاف کے دروازے کو ہمیشہ کے لیے بند کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے۔ علی محمد خان نے مزید کہا کہ کل ہم نے بغیر قیادت کے 12 گھنٹے کا احتجاج کیا، اور جب عوام سڑکوں پر آتے ہیں تو بڑے بڑے درودیوار ہل جاتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس ملک میں انقلاب 8 فروری کو آ چکا ہے، اور قوم تحریک انصاف کے ساتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رات کے اندھیرے میں پارلیمنٹ سے ایم این ایز کو اٹھایا گیا اور ہمارے ایم این ایز پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ کیا رات کے دو بجے منہ چھپانے کے بعد کوئی ترمیم پاس ہو سکتی ہے؟ کیا یہ آئینی ترمیم ہے یا ایک بم ہے جو رات کے دو بجے پھوڑنا چاہتے ہیں؟
رہنما تحریک انصاف نے اس حوالے سے کہا کہ انہیں جسٹس منصور علی شاہ سے کوئی خاص توقعات نہیں ہیں۔ حکومت کو اس بات کی فکر ہے کہ اگر الیکشن کے دوران جوڈیشل کمیشن بنا تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھٹو کا نواسہ آئین کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اور لگتا ہے کہ بلاول کو کوئی لالی پاپ دیا گیا ہے۔