ہیلمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر یونیورسٹیوں و کالجز میں داخلہ بند
لاہور :صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایک اہم اقدام کے تحت یونیورسٹیوں اور کالجز میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل پر آنے والے طلبہ اور اساتذہ کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ ٹریفک حادثات کی شرح میں کمی لائی جا سکے۔ اس سلسلے میں یونیورسٹیوں کے رجسٹرارز اور کالجز کے پرنسپلز کو باضابطہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ تمام موٹر سائیکل سوار اساتذہ اور طلبہ کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی ہو گا۔
مراسلے کے مطابق، اگر کوئی طالب علم یا استاد ہیلمٹ کے بغیر کالج یا یونیورسٹی پہنچتا ہے تو اس کے داخلے پر فوری طور پر پابندی عائد کی جائے گی۔ مزید برآں، بغیر ہیلمٹ آنے والوں کو ادارے کی پارکنگ میں گاڑی یا موٹر سائیکل کھڑی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جس کا مقصد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کو روکنا اور حادثات سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن نے یہ فیصلہ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ان سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے پیش نظر کیا ہے۔ سڑکوں پر غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے کی وجہ سے نہ صرف حادثات میں اضافہ ہوا ہے بلکہ حادثات کے نتیجے میں ہونے والی اموات اور شدید زخمی ہونے کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس مہم کا مقصد طلبہ اور اساتذہ میں شعور اجاگر کرنا اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے طلبہ و طالبات جو بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑی یا موٹر سائیکل چلاتے ہوئے یونیورسٹی یا کالجز آتے ہیں، ان کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف طلبہ کی زندگی کو تحفظ فراہم کرنا ہے بلکہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کو بھی فروغ دینا ہے۔