ایس آئی ایف سی اور حکومتی کوششوں سے معیشت بہتری کی جانب گامزن
کراچی : اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلٹی کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون اور حکومتی اقدامات کی بدولت پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ حکومتی کوششوں اور SIFC کی معاونت سے ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہو رہی ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات میں اضافہ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر، اور براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری نے کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس کو بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، اگست 2024 میں کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس 75 ملین ڈالر کے اضافے کے ساتھ مثبت ہو گیا ہے، جو پچھلے تین ماہ سے منفی رہا تھا۔ آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات میں 27 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس سے یہ 298 ملین ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، اور اس کا حصہ اب کل برآمدات میں 48 فیصد ہو گیا ہے۔
براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی رواں مالی سال کے آغاز میں 64 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے ملک کو 350 ملین ڈالر حاصل ہوئے ہیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ رقم 225 ملین ڈالر تھی۔