بانی پی ٹی آئی کی تصویر اور ویڈیو میڈیا پر دکھانے پر عائد پابندی چیلنج
لاہور : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیئرمین پیمرا کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی، جس میں عمران خان کی تصویر اور ویڈیو میڈیا پر دکھانے پر عائد پابندی کو چیلنج کیا گیا ہے۔ یہ درخواست سینٹرل پنجاب کے سینئر نائب صدر اکمل خان باری کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فاروق حیدر اس درخواست کی سماعت کریں گے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے رہنما ہیں اور ان کا نام اور تصویر میڈیا پر دکھانا ضروری ہے۔ پی ٹی آئی نے پیمرا کی جانب سے بانی پی ٹی آئی پر لگائی گئی پابندیوں کو ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ عمران خان نہ صرف پی ٹی آئی کے بانی ہیں بلکہ ایک عوامی لیڈر بھی ہیں، اور ان پر لگائی گئی میڈیا پابندیاں عوام کے حقِ معلومات کی خلاف ورزی ہیں۔