انگلینڈ سیریز، پاکستانی اسکواڈ میں تبدیلیاں متوقع
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ریڈ بال فارمیٹ کے ہیڈکوچ جیسن گلیسپی نے انگلینڈ کے خلاف آئندہ سیریز کے لیے اسکواڈ میں بڑی تبدیلیوں کا عندیہ دیا ہے۔ بنگلادیش کے خلاف تاریخی شکست پر اسکواڈ کا دفاع کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک بری سیریز کسی کھلاڑی کی صلاحیت کا مکمل تعین نہیں کرتی۔ تاہم، اگر کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بہتری نہیں آئی تو مستقبل میں اسکواڈ میں تبدیلیاں یقینی ہوں گی۔
جیسن گلیسپی نے واضح کیا کہ کسی بھی کھلاڑی کا مستقبل جلد بازی میں طے نہیں کیا جا سکتا، اور کوئی بھی کھلاڑی راتوں رات اپنی صلاحیتوں سے محروم نہیں ہوتا۔ تاہم، کچھ عوامل ایسے ہیں جن کی وضاحت نہیں دی جا سکتی اور کچھ کھلاڑیوں کی کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
سابق آسٹریلوی لیجنڈ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے گیری کرسٹن کے ساتھ پلیئر ورک لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے، جس کا مقصد ملٹی فارمیٹ کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو آرام دینے کے حوالے سے اقدامات کرنا ہے تاکہ ان کی کارکردگی متاثر نہ ہو۔
اس کے ساتھ ہی، گلیسپی نے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کی جگہ نئے اور نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کا اشارہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمر رسیدہ کھلاڑیوں کو تبدیل کرنے کے لیے ایسے نوجوان درکار ہیں جو ان کی جگہ لے سکیں اور قومی ٹیم کی فتوحات میں کردار ادا کر سکیں۔