ندا یاسر نے 22 سال قبل اپنی شادی پر آنے والے اخراجات کی تفصیل بتا دی
ممبئی :پاکستان کی مشہور مارننگ شو میزبان ندا یاسر نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ ان کی شادی 22 سال قبل ہوئی تھی، اور اس پر آنے والے اخراجات کے بارے میں بھی دلچسپ تفصیلات فراہم کی ہیں۔ ندا کا ایک انٹرویو جو انہوں نے اداکار فیصل قریشی کو دیا تھا سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہو رہا ہے۔ انٹرویو میں فیصل نے ندا سے ان کی اور معروف ہدایتکار یاسر نواز کی شادی کے اخراجات کے بارے میں سوال کیا، جس پر ندا نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ندا یاسر نے بتایا کہ ایک وقت تھا جب مارننگ شوز میں شادیوں پر مبنی مواد کو ناظرین بہت شوق سے دیکھتے تھے، لیکن اب وقت اور ٹرینڈز بدل گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں مارننگ شو کی میزبانی کرتے ہوئے 15 سال سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے۔
انٹرویو کے دوران، جب فیصل قریشی نے ان کی شادی پر ہونے والے خرچے کا سوال کیا تو ندا نے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی شادی پر تین تقریبات رکھی گئی تھیں، اور شادی نہایت شاندار اور پرتعیش انداز میں منعقد ہوئی تھی۔ ندا نے مزید بتایا کہ ایک ہی دن میلاد اور مایوں کی تقاریب منعقد کی گئیں، اس کے بعد مہندی اور بارات کی تقریبات ہوئیں۔
ندا یاسر نے انکشاف کیا کہ ان کی شادی کو 22 سال ہو چکے ہیں، اور 22 سال قبل ان کی شادی کی تین تقریبات پر مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے خرچ ہوئے تھے۔ ساتھ ہی انہوں نے وضاحت کی کہ ولیمہ مکمل طور پر یاسر نواز کی جانب سے کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ ندا یاسر اور یاسر نواز کی شادی 2002 میں انجام پائی تھی اور دونوں کے 3بچے بھی ہیں۔