دنیا میں سب سے زیادہ وقت کام کرنے والا ملک کونسا ہے؟
دنیا بھر میں کام کرنے کے دورانیے مختلف ممالک میں نمایاں فرق رکھتے ہیں، جو وہاں کے رہن سہن اور معیشت کے حالات کی عکاسی کرتے ہیں۔ عالمی ادارہ محنت (آئی ایل او) کے اعداد و شمار کے مطابق، دنیا میں کچھ ممالک ایسے ہیں جہاں لوگ اوسطاً سب سے زیادہ گھنٹے کام کرتے ہیں جبکہ کچھ ایسے بھی ہیں جہاں کام کا دورانیہ بہت کم ہوتا ہے۔
عالمی سطح پر سب سے زیادہ کام کرنے والے افراد کی فہرست میں بھوٹان سرفہرست ہے، جہاں لوگ ہر ہفتے اوسطاً 54.4 گھنٹے کام کرتے ہیں۔ حیران کن بات یہ ہے کہ بھوٹان کی مجموعی آبادی بہت کم ہے، لیکن یہاں کے لوگ ملازمت میں بہت زیادہ وقت صرف کرتے ہیں۔
اس کے بعد دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات ہے، جہاں لوگ 50.9 گھنٹے اور تیسرے نمبر پر لیسوتھو ہے، جہاں ہر ہفتے 50.4 گھنٹے کام کیا جاتا ہے۔
اس فہرست میں مزید ممالک جیسے کانگو (48.6 گھنٹے)، قطر (48 گھنٹے)، لائبیریا (47.7 گھنٹے)، موریطانیہ (47.6 گھنٹے) اور لبنان (47.6 گھنٹے) شامل ہیں جو نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔
دوسری جانب وہ ممالک جہاں لوگ سب سے کم وقت تک کام کرتے ہیں ان میں وانواتو کا نام سب سے پہلے آتا ہے، یہاں لوگ ہر ہفتے 24.7 گھنٹے کام کرتے ہیں۔
اس فہرست میں کیریباتی (27.3 گھنٹے) دوسرے نمبر پر ہے جبکہ مائیکرونیشیا اور روانڈا مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر ہیں، جہاں لوگ ہر ہفتے 30.4 گھنٹے کام کرتے ہیں۔
پاکستان میں اوسطاً کام کا دورانیہ 46.9 گھنٹے فی ہفتہ ہے، تاہم 40 فیصد ورکرز ایسے ہیں جو ہر ہفتے 49 گھنٹے سے زیادہ کام کرتے ہیں۔