لبنان میں اسرائیلی حملے؛ سینکڑوں شہید، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ
اسرائیلی فوج کی لبنان پر ہولناک بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت 274 افراد شہید اور 750 سے زائد زخمی ہو گئے۔
تل ابیب: لبنان کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملے وحشیانہ ثابت ہوئے جس میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق لبنان کی وزارت صحت نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان حملوں میں 274 افراد شہید ہو چکے ہیں اور 750 سے زائد افراد زخمی ہیں، جن میں سے بہت سے زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
زخمی اور شہید ہونے والوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے جبکہ متعدد رہائشی مکانات بھی تباہ ہو گئے ہیں۔ لبنانی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
آج صبح ہی اسرائیلی فوج نے لبنانی شہریوں کو ٹیکسٹ میسجز کے ذریعے متنبہ کیا تھا کہ وہ حزب اللہ سے وابستہ عمارتوں اور گھروں سے دور رہیں، لیکن اس انتباہ کے باوجود سائرن کی آواز کے بعد ہر طرف بمباری شروع ہو گئی۔
ان وحشیانہ حملوں سے قبل شہریوں کو سائرن کی آوازوں کے ذریعے خبردار کیا گیا تھا، تاہم بموں کی بارش سے بچنے کا وقت بہت کم تھا۔ لبنان کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔