انسانوں کو مریخ پر بھیجنے کے لئے کمپنی کا بڑا اعلان
واشنگٹن :امریکی نجی خلائی تحقیقاتی کمپنی سپیس ایکس نے آئندہ چھ سالوں میں مریخ پر انسان بردار مشن بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک نے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ان کی کمپنی اگلے دو سالوں میں مریخ پر پانچ بغیر عملے کے خلائی مشن بھیجنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اگر یہ خلائی جہاز بحفاظت مریخ پر اترنے میں کامیاب ہو گئے تو کمپنی اگلے چار سالوں میں انسان بردار مشن بھیجے گی۔
مسک نے وضاحت کی کہ یہ مشن ہر دو سال بعد اس وقت روانہ کیے جائیں گے جب زمین اور مریخ ایک سیدھ میں ہوں گے تاکہ خلائی سفر زیادہ مؤثر اور کم وقت میں مکمل ہو سکے۔ اگر ان کا منصوبہ ناکام بھی ہو جائے، تب بھی سپیس ایکس ہر موقعے پر مریخ کے لیے خلائی جہازوں کی تعداد میں اضافہ کرتی رہے گی۔ انسان بردار مشن کی ٹائم لائن بغیر عملے کے مشن کی کامیابی پر منحصر ہوگی۔ ایلون مسک کا کہنا تھا کہ ہم ہر اُس شخص کو مریخ پر جانے کا موقع دینا چاہتے ہیں جو خلائی مسافر بننے کی خواہش رکھتا ہو۔