شادیاں رکوانے کے کاروبار میں اضافہ، مالک کے پاس دسمبر تک کی ایڈوانس بکنگ موجود
شادیوں کو یادگار بنانے کے حوالے سے دنیا بھر میں مختلف ویڈنگ پلانرز خدمات انجام دیتے ہیں، جو مہنگے ترین پیکجز میں دلہا دلہن کے خاص دن کو بہترین بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ تاہم، اسپین کے ایک شہری نے اس روایتی کاروبار کے برعکس ایک منفرد اور حیرت انگیز سروس شروع کی ہے، جس کا مقصد شادی کو برباد کرنا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ارنسٹو رینیرز ویریا نامی شخص اسپین سے تعلق رکھتا ہے اور اس کا کاروبار شادیوں کو ناکام بنانے کے حوالے سے ہے۔ ویریا اپنے کلائنٹس سے پیسے لے کر ان کی شادی کو خراب کرنے کی ذمہ داری قبول کرتا ہے۔ ان کے اس منفرد کاروبار کی مانگ اتنی زیادہ ہے کہ دسمبر تک ان کے پاس ایڈوانس بکنگ موجود ہے۔
شادی کو برباد کرانے کا بزنس کیسے شروع ہوا؟
ویریا کے اس انوکھے کاروبار کی شروعات ایک آن لائن اشتہار سے ہوئی، جس میں لکھا تھا اگر آپ شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن کسی وجہ سے شادی سے انکار کرنا مشکل محسوس کرتے ہیں تو فکر نہ کریں، میں آپ کی شادی میں آکر اعتراض کروں گا۔ اس اشتہار کے بعد ویریا کا کاروبار تیزی سے مقبول ہوا اور اب مختلف جوڑے خود ان سے رابطہ کر کے اپنی شادی کی تقریب کو خراب کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔
شادی کو برباد کرنے کا طریقہ کار کیا ہے؟
یہ سروس استعمال کرنے والے جوڑے ویریا کو پیسوں کے عوض اپنی شادی کے وقت اور مقام کی تفصیلات فراہم کرتے ہیں۔ ویریا مقررہ وقت پر شادی کی تقریب میں پہنچتا ہے اور دلہا یا دلہن کو اپنا "سچا پیار” کہہ کر شادی رکوانے کی کوشش کرتا ہے۔ اس کام کے لیے وہ تقریباً 500 یورو (تقریباً ایک لاکھ پچپن ہزار پاکستانی روپے) فیس لیتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کاروبار کے دوران ویریا کو اکثر دلہا یا دلہن کے اہل خانہ کی طرف سے مارپیٹ کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، تاہم اس نے اس مسئلے کا حل بھی نکال رکھا ہے۔ ہر تھپڑ اور گھونسے کے بدلے وہ 50 یورو اضافی فیس لیتے ہیں۔
ویریا کی سروس کی مانگ کیوں زیادہ ہے؟
ویریا نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کے کاروبار کی مانگ میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ حیران کن طور پر دلہا اور دلہن خود انہیں شادی برباد کرنے کی درخواست کرتے ہیں، اور ان کے پاس دسمبر تک کی بکنگ مکمل ہو چکی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ان کا یہ انوکھا کاروبار ایک کامیاب اور منفرد بزنس ماڈل بن چکا ہے، جو ان کی غیر روایتی سروس کی بدولت ہے۔