سپریم کورٹ کی ججز کمیٹی میں رد و بدل، جسٹس امین نے جسٹس منیب کی جگہ لے لی
اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس 2024 کے تحت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے جسٹس منیب اختر کی جگہ جسٹس امین الدین خان کو 3 رکنی ججز کمیٹی میں شامل کر لیا ہے۔
رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک آفس آرڈر میں بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس نے سینیارٹی کے اعتبار سے پانچویں نمبر پر موجود جسٹس امین الدین خان کو 3 رکنی کمیٹی کے لیے نامزد کیا ہے۔ اس کمیٹی میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس امین الدین خان شامل ہوں گے۔
اس سے پہلے اس کمیٹی میں جسٹس منیب اختر شامل تھے، لیکن اب ان کی جگہ جسٹس امین الدین خان کو شامل کیا گیا ہے۔ کمیٹی کا بنیادی مقصد سپریم کورٹ کے پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس 2024 کے مطابق عدالتی امور کی نگرانی اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔