دفتری کام کا دباؤکم کرنے کے لئے بہترین طریقے
دفتر کی روزمرہ زندگی میں مسلسل 8 سے 10 گھنٹے کام کرنا، ڈیڈ لائنز کے دباؤ کا سامنا کرنا، اور بعض اوقات باس کی جانب سے ملنے والے احکامات کو پورا کرنا، یہ سب مل کر ایک تھکا دینے والا اور ذہنی تناؤ پیدا کرنے والا ماحول تشکیل دیتے ہیں۔ آج کے دور میں دفتری کام کے دباؤ اور اس سے جڑے تناؤ نے عام افراد کی زندگی کا لازمی حصہ بن لیا ہے۔ لیکن اپنے ذہنی سکون اور کام کی کارکردگی کو بہتر رکھنے کے لیے کام کے دوران مختصر وقفے لینا بے حد ضروری ہے۔
ماہرین کے مطابق، طویل عرصے تک بغیر کسی وقفے کے کام کرنے سے نہ صرف آپ کی پیداواری صلاحیت کم ہو جاتی ہے، بلکہ ذہنی اور جسمانی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اسی لیے، کام کے دوران تھوڑی دیر کا وقفہ لینا اہمیت رکھتا ہے تاکہ آپ دوبارہ توانائی کے ساتھ اپنے کام کی طرف لوٹ سکیں۔
یہاں کچھ مؤثر اور آسان تجاویز دی جا رہی ہیں جنہیں اپنا کر آپ دفتر کے دباؤ کو کم کر سکتے ہیں اور اپنے کام میں نئی توانائی پیدا کر سکتے ہیں۔
ہر گھنٹے بعد مختصر وقفہ لیں:۔
طویل کام کے دوران دماغی تھکاوٹ پیدا ہوتی ہے، جو کام کی رفتار اور معیار دونوں کو متاثر کرتی ہے۔ اس لیے ہر گھنٹے کے بعد 5-10 منٹ کا وقفہ لینا ضروری ہے۔ اس دوران اپنی آنکھوں کو آرام دیں، گہری سانس لیں، اور پانی پییں تاکہ آپ دوبارہ توانائی محسوس کریں۔
کرسی چھوڑیں اور تھوڑی حرکت کریں:۔
زیادہ دیر تک ایک ہی جگہ بیٹھنے سے جسمانی تھکاوٹ بڑھ جاتی ہے اور آپ کو کمر یا گردن میں درد محسوس ہو سکتا ہے۔ بریک کے دوران کرسی سے اٹھیں، دفتر میں یا باہر چہل قدمی کریں، اور تازہ ہوا میں کچھ وقت گزاریں۔
جسمانی اسٹریچنگ کریں:۔
اگر آپ باہر نہیں جا سکتے تو اپنی جگہ پر ہی کچھ آسان اسٹریچنگ کی مشقیں کریں، جیسے ہاتھوں کو اوپر کی طرف پھیلانا، کندھوں کو حرکت دینا، اور گردن کو دائیں بائیں موڑنا۔ یہ جسم کو فوری سکون فراہم کرے گا۔
ذہنی سکون کے لیے مراقبہ کریں:۔
مراقبہ ایک بہترین طریقہ ہے ذہنی تناؤ کو کم کرنے کا۔ صرف 5-10 منٹ کے لیے اپنی آنکھیں بند کریں اور گہرے سانس لیں۔ یہ عمل آپ کے دماغ کو پرسکون کرے گا اور آپ کو دوبارہ توجہ مرکوز کرنے میں مدد دے گا۔
ساتھیوں سے بات چیت کریں:۔
اکیلا کام کرنا تناؤ کا سبب بن سکتا ہے۔ اس لیے دوستوں یا ساتھیوں سے ہلکی پھلکی گفتگو کرنا تناؤ کو کم کرتا ہے اور آپ کو تازگی کا احساس دلاتا ہے۔ ہنسی مذاق سے ذہنی بوجھ کم ہو جاتا ہے۔