حکومت لاکھوں پاکستانیوں کو پاسپورٹ نہ ملنے کی ذمہ دار
لاہور: حکومت ہزاروں لوگوں کو بروقت مشین ریڈ ایبل اور ای پاسپورٹ جاری کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ بن گئی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی سے لیس پرنٹنگ مشین خریدنے کے لیے ٹینڈر اور آرڈر ہونے کے باوجود، فنانس ڈویژن نے محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کو 2 ارب 90 کروڑ روپے کی رقم جاری نہیں کی۔
میڈیا کو موصول اعدادوشمار کے مطابق، لاہور سمیت ملک بھر میں 8 لاکھ سے زائد افراد پاسپورٹس نہ ملنے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں، اور یہ تعداد کبھی 15 لاکھ سے بھی تجاوز کر گئی تھی۔ پاسپورٹ کے ذرائع کے مطابق، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے 50 سے 51 ارب روپے ریونیو کی مد میں سرکاری خزانے میں جمع کرائے، لیکن جب اس ادارے کو ہزاروں لوگوں کو بروقت پاسپورٹس فراہم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے لیس پرنٹنگ مشین خریدنے کی ضرورت پیش آئی، تو حکومت نے 2 ارب 90 کروڑ روپے کی رقم چار سے پانچ ماہ گزرنے کے باوجود جاری نہیں کی۔ نتیجتاً، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جدید مشین خریدنے میں ناکام رہا۔