ینگ جرنلسٹس فیڈریشن پاکستان کی فلیٹیز ہوٹل میں پروقار لانچنگ تقریب
لاہور (نیوز رپورٹر) ینگ جرنلسٹس فیڈریشن پاکستان کی لانچنگ تقریب 11 ستمبر 2024 کو فلیٹیز ہوٹل لاہور میں منعقد ہوئی۔ اس اہم تقریب میں پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ تقریب کی صدارت فیڈریشن کے بانی محسن شہزاد مغل نے کی۔ اس موقع پر چیئرمین اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب، سینئر صحافی مجیب الرحمٰن شامی، سینئر صحافی سلمان غنی، سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن سید وقاص جعفری اور لاہور پریس کلب کے سینئر نائب صدر شیراز حسنات اور سی او 365 نیوز مدثر اقبال نے بھی شرکت کی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان صحافیوں کا یہ فورم ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔ صحافت کو نئے رجحانات اور چیلنجز کا سامنا ہے اور ایسے اقدامات نوجوان صحافیوں کے لیے راہ ہموار کریں گے کہ وہ اپنے پیشے میں ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔
سینئر صحافی مجیب الرحمٰن شامی کا کہنا تھا کہ یہ وقت نوجوان صحافیوں کے لیے اپنے معیار کو بہتر بنانے اور غیر جانبدارانہ صحافت کے اصولوں کو اپنانے کا ہے۔ یہ فیڈریشن انہیں ان چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار کرے گی جو مستقبل میں صحافت کو درپیش ہوں گے۔
سینئر صحافی سلمان غنی نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ینگ جرنلسٹس فیڈریشن کا قیام خوش آئند ہے کیونکہ اس سے نوجوان صحافیوں کو اپنی شناخت بنانے اور اپنی آواز کو مؤثر طریقے سے پہنچانے کا موقع ملے گا۔ ہمیں اپنی صحافتی ذمہ داریوں کا بھرپور احساس ہونا چاہیے۔
چیئرمین اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب کا کہنا تا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہےجو سچائی اور حقائق کو عوام تک پہنچانے کا اہم ذریعہ ہے۔ نوجوانوں کا اس شعبے میں کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ینگ جرنلسٹس فیڈریشن ان کی صلاحیتوں کو ابھارنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن سید وقاص جعفری نے کہا کہ صحافت معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے اور نوجوان اس میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ میں امید کرتا ہوں کہ ینگ جرنلسٹس فیڈریشن نوجوان صحافیوں کو سچائی اور خدمت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔
سینئر نائب صدر لاہور پریس کلب شیراز حسنات نے کہا کہ یہ فیڈریشن نہ صرف نوجوان صحافیوں کی ترقی کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گی، بلکہ انہیں پیشہ ورانہ تربیت اور رہنمائی بھی فراہم کرے گی جو ان کی کامیابی کا ضامن بنے گی۔
سی ای او اینبلرز ثاقب اظہر نے تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان صحافیوں کا یہ پلیٹ فارم ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے جہاں وہ نئے آئیڈیاز کو سامنے لا سکیں گے اور مختلف شعبوں میں تحقیق کر کے صحافت میں نئے رجحانات متعارف کرا سکیں گے۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نور اللہ صدیقی نے کہا کہ صحافت ایک ذمہ دارانہ پیشہ ہے اور نوجوانوں کو اپنی توانائیوں کو مثبت انداز میں استعمال کرتے ہوئے اس میدان میں آگے بڑھنا چاہیے۔ اس فیڈریشن کا قیام انہیں ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔
محسن شہزاد مغل بانی ینگ جرنلسٹس فیڈریشن نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے یہ پلیٹ فارم اس لیے قائم کیا تاکہ نوجوان صحافیوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم مل سکے جہاں وہ ایک دوسرے سے سیکھ سکیں اور اپنے تجربات کا تبادلہ کر سکیں۔ ہمارا مقصد صحافت کے میدان میں نئی نسل کو آگے لانا ہے۔
سی ای او 365 نیوز مدثر اقبال نے تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "نوجوان صحافیوں کا کردار مستقبل کی صحافت کے لیے نہایت اہم ہے۔ ینگ جرنلسٹس فیڈریشن ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو انہیں سیکھنے، اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور صحافت میں جدید رجحانات کو اپنانے کے مواقع فراہم کرے گا۔ ہمیں امید ہے کہ یہ فیڈریشن نوجوانوں کو ایک نئی سوچ اور مثبت تبدیلی لانے کی سمت میں گامزن کرے گی۔”
یوتھ ایکٹیویسٹ رابعہ وقار نے کہا کہ ینگ جرنلسٹس فیڈریشن کی تشکیل اس بات کا ثبوت ہے کہ نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ ہمیں ان کے خیالات اور آراء کو سننا چاہیے تاکہ وہ معاشرتی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک، نعت اور قومی ترانے سے کیا گیا۔
اس موقع پر ینگ جرنلسٹس فیڈریشن کا آفیشل ترانہ اور ویب سائٹ کا ممبر شپ فارم بھی لانچ کیا گیا، جس نے تقریب کو اور بھی یادگار بنا دیا۔ سینکڑوں نوجوان صحافیوں نے اس تقریب میں شرکت کی، جس کا مقصد صحافتی میدان میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے رہنمائی فراہم کرنا تھا۔نوجوان صحافیوں کی بڑی تعداد نے اس تقریب کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنتے ہیں اور انہیں صحافتی دنیا میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر سینئر صحافیوں اور نوجوان صحافیوں کو شیلڈز اور سرٹیفیکیٹس سے نوازا گیا، جس نے تقریب کی اہمیت اور معنویت کو اور بھی بڑھا دیا۔تقریب میں یوتھ ایکٹیویسٹ رابعہ وقار، شہریار زاہد سجوارا، ذوہیب اظہر، نعیم ثاقب، خالد ارشاد صوفی، نبیل رشید، شاکر محمود اعوان، احمد ابوبکر اور شہزاد روشن گیلانی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔