افواج پاکستان کے خلاف بولنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں: مرکزی علما ء کونسل
اسلام آباد: چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان، صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کے خلاف بات کرنے والے افراد کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض سیاستدان حساس اداروں کو تنقید کا نشانہ بنا کر ملکی ساخت کو مجروح اور ملک دشمنی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات ختم نبوت اسلامک ریسرچ سینٹر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ فوج ہماری شان ہے اور ہم پاک افواج کی قربانیوں کو کبھی بھول نہیں سکتے۔ انہوں نے تاکید کی کہ سیاسی جماعتوں کو سیاست میں پاک فوج اور دیگر اداروں کو گھسیٹنے سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور سرحدوں کے دفاع کے لیے پاک فوج اور دیگر سیکورٹی اداروں کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط فوج ہی طاقتور پاکستان کی ضمانت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاست، افواج، اور عدلیہ اس ملک کے ستون ہیں اور ہم کسی کو بھی پاک فوج اور اداروں کے خلاف بات کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ پوری پاکستانی قوم اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اس موقع پر علامہ شاہ نواز فاروقی، مولانا خالد محمود قاسمی، سید سمیع اللہ حسینی، مولانا شبیر احمد عثمانی، مولانا حفیظ الرحمن کشمیری، اور میاں محمد طیب ایڈووکیٹ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔