2023 کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں 930 افراد جاں بحق، وزارت داخلہ کی رپورٹ
اسلام آباد: 2023 کے دوران ملک بھر میں دہشتگردی کے واقعات میں 930 افراد جاں بحق جبکہ 1992 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ وزارت داخلہ نے دہشتگردی کے واقعات کی تفصیلات قومی اسمبلی میں جمع کرا دیں، جن میں واضح کیا گیا کہ دہشتگردی کی یہ لہر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سب سے زیادہ شدت کے ساتھ محسوس کی گئی۔
وزارت داخلہ کے مطابق خیبر پختونخوا میں 2023 کے دوران دہشتگردی کے 558 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 580 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 1447 زخمی ہوئے۔ ان میں 402 قانون نافذ کرنے والے اہلکار بھی شامل تھے، جبکہ 1054 اہلکار زخمی ہوئے۔ 178 شہری بھی ان واقعات میں شہید ہوئے اور 393 زخمی ہوئے۔بلوچستان میں 626 دہشتگردی کے واقعات رونما ہوئے، جن میں 315 افراد جاں بحق اور 477 زخمی ہوئے۔ یہاں بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے سب سے زیادہ نشانہ بنے، جہاں 148 اہلکار شہید اور 198 زخمی ہوئے، جبکہ 167 شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور 279 زخمی ہوئے۔
سندھ میں 2023 کے دوران دہشتگردی کے 19 واقعات پیش آئے، جن میں 14 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہوئے۔ سندھ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 8 اہلکار شہید اور 26 زخمی ہوئے، جبکہ ایک شہری شہید اور دو زخمی ہوئے۔پنجاب میں 2023 کے دوران دہشتگردی کے 8 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 12 افراد جان سے گئے اور 11 زخمی ہوئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 11 اہلکار شہید اور 9 زخمی ہوئے، جبکہ ایک شہری شہید اور دو زخمی ہوئے۔
اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں 2023 کے دوران کوئی دہشتگردی کا واقعہ رپورٹ نہیں ہوا، جبکہ گلگت بلتستان میں دہشتگردی کے 3 واقعات میں 9 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوئے۔وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق ملک میں امن و امان کی صورتحال مزید بگڑ رہی ہے، اور دہشتگردی کی اس لہر نے ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔