ڈینگی سر اٹھانے لگا، پنجاب میں 10 کیسز کی تصدیق
لاہور:محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے ڈینگی کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔ محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں ڈینگی کے 10 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی، گزشتہ ہفتے کے دوران صوبے میں ڈینگی کے 54 کیسز سامنے آئے جبکہ رواں سال اب تک مجموعی طور پر 357 ڈینگی کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق، لاہور میں ڈینگی کے 5 کیسز، راولپنڈی میں 4 کیسز، اور چکوال میں 1 کیس رپورٹ ہوا ہے۔ محکمہ صحت پنجاب نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ شہریوں کو اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھنے اور ڈینگی مچھروں کی افزائش کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر، محکمہ صحت نے اسپتالوں میں مخصوص وارڈز اور عملے کی تیاری کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر طبی مدد حاصل کریں اور حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔