پیپلز پارٹی کا اہم فیصلوں میں ن لیگ کا ساتھ دینے کا فیصلہ
اسلام آباد:سابق وزیراعظم اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے حالیہ میڈیا گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی قومی سلامتی اور ملکی مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم کے کسی بھی فیصلے میں ان کا مکمل ساتھ دے گی۔ گیلانی نے پیپلز پارٹی کی مذاکراتی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ جلاوطنی کے دوران بھی انہوں نے میاں نواز شریف کے ساتھ مذاکرات کیے اور میثاق جمہوریت پر دستخط کیے۔
یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ اس وقت وزیر اعظم پاکستان ہی ٹیم کے کپتان ہیں، جنہیں اہم فیصلے لینے چاہیے اور ملک کو آگے بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی مسائل کے حل کے لیے تمام جماعتوں کو اتحاد کی ضرورت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ مذاکرات اور ملکی سلامتی کے حوالے سے وزیراعظم کی قیادت کی حمایت کرتی رہے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک میں دہشت گردی کا ایک بڑا سبب سیاسی جماعتوں کا آپس میں اختلافات کا شکار ہونا ہے، اور ملکی سلامتی کے لیے تمام جماعتوں کو ایک ہونا پڑے گا۔
مولانا فضل الرحمٰن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ان کے ساتھ پرانے تعلقات ہیں اور وہ انہیں ایک زیرک سیاستدان سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اور ان کی جماعت کے ساتھ پیپلز پارٹی کے تعلقات مضبوط ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ مل کر ملک و قوم کی خدمت کریں۔