پیسہ اور شہرت لوگوں کو بدل دیتا ہے،ارشد ندیم کی وائرل ویڈیو پر مشی خان برہم
لاہور:پاکستان کے مشہور جیولین تھرو کھلاڑی ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس 2024 میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔ لیکن ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں انہیں ایک مقامی رپورٹر کے سوال کا جواب دیے بغیر نظر انداز کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رپورٹر ارشد ندیم سے پوچھتا ہے کہ چیمپئین بننے کے بعد آپ کو کیسا محسوس ہو رہا ہے؟ لیکن ارشد ندیم جواب دیے بغیر وہاں سے چلے جاتے ہیں۔ رپورٹر دوبارہ سوال کرتا ہے کہ سر! آپ کیوں بات نہیں کرنا چاہتے؟ اس پر ارشد ندیم کہتے ہیں کہ مجھے دیر ہو رہی ہے اور پھر وہ چلے جاتے ہیں۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین نے ارشد ندیم کا دفاع کیا اور کہا کہ میڈیا کو لوگوں کی پرائیویسی کا احترام کرنا چاہیے۔ تاہم، پاکستانی اداکارہ مشی خان نے ارشد ندیم پر تنقید کی اور کہا کہ شہرت اور پیسہ لوگوں کو مغرور بنا دیتا ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگرچہ آپ کو دیر ہو رہی تھی، پھر بھی آپ ایک جواب دے سکتے تھے۔
یاد رہے کہ ارشد ندیم وہ پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں جنہوں نے 40 سال بعد اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔