جاپان :شدید طوفان، بلٹ ٹرین سروس معطل، 2 لاکھ 50 ہزار گھروں کی بجلی منقطع
ٹوکیو:شانشان طوفان کے جاپان کے جنوب مغربی جزیرے کیوشو سے ٹکرانے کے بعد ملک بھر میں نظام زندگی بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جاپان میں طوفان کے باعث سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، بلٹ ٹرین سروس معطل ہے، اور ٹویوٹا جیسی بڑی کمپنیوں نے اپنی فیکٹریاں بند کر دی ہیں۔
جاپانی ایئر لائنز نے اعلان کیا ہے کہ 600 سے زائد ملکی پروازیں منسوخ کی جا رہی ہیں، جبکہ کیوشو کے کئی علاقوں میں ٹرین سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔ چیف کابینہ سیکریٹری یوشیما ساحیاشی کے مطابق، طوفان شانشان کے باعث 3 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، 1 شخص لاپتہ ہے، جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
کیوشو الیکٹرک پاور کمپنی کے مطابق، جاپان کے 7 پریفیکچرز میں شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ، میازاکی شہر میں طوفان کے باعث عمارتوں کی دیواریں گر گئیں اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
جاپانی محکمہ موسمیات کے مطابق، طوفان کی رفتار 198 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی ہے اور یہ طوفان جاپان کے جنوب مغربی جزیرے کیوشو کے شہر سٹسوما سینڈائی کے قریب آیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ طوفان اگلے چند دنوں میں دارالحکومت ٹوکیو سمیت وسطی اور مشرقی علاقوں کی طرف بڑھ سکتا ہے ۔ اس کی شدت سے اندازہ لگایا جارہا ہے کہ یہ طاقتور طوفان کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔
مقامی حکومتوں نے کئی پریفیکچرز میں لاکھوں افراد کے لیے انخلا کے احکامات جاری کر دیے ہیں تاکہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔