ملکی سیاست کا اونٹ 30 ستمبر تک کسی بھی کروٹ بیٹھ سکتا ہے: شیخ رشید
راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اپنے تازہ ویڈیو بیان میں خبردار کیا ہے کہ 30 ستمبر تک ملکی سیاست میں بڑی تبدیلیاں رونما ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو کرائے کی حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔
شیخ رشید نے کل کی تاریخی ہڑتال کو حکومت کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک یا ادارہ موجودہ حکمرانوں پر اعتماد کرنے کے لیے تیار نہیں ہے اور نہ ہی کوئی پاکستان کو مالی امداد دینے کو تیار ہے۔ انہوں نے آئی ایم ایف کی 4 ستمبر کے اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں پاکستان کو ایجنڈے میں شامل نہیں کیا گیا جو کہ ہمارے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ ملک اس وقت شدید سیاسی اور معاشی بحران میں پھنسا ہوا ہے۔ انہوں نے بلوچستان کی صورتحال کو نہایت حساس اور پریشان کن قرار دیا اور زور دیا کہ ہمیں ملک کے مفاد کے لیے جلد از جلد حل تلاش کرنا ہوگا۔
انہوں نے اپنی گفتگو میں غریب عوام کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام کے لیے بھاری ٹیکسز ادا کرنا ممکن نہیں رہا۔ تعلیمی ادارے تباہ ہو رہے ہیں اور قوت خرید ختم ہوچکی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کو فوری طور پر عوام کی مشکلات کا احساس کرنا چاہیے اور ان کے لیے کچھ عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔