واٹس ایپ کے صارفین کے لیے بڑی خوشخبری نوٹیفکیشنز کا مسئلہ حل
دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی پیغام رسانی کی ایپلیکیشن واٹس ایپ، اپنے صارفین کی سہولت کے لیے نئے فیچرز پر کام کرتی رہتی ہے۔ واٹس ایپ استعمال کرنے والے کروڑوں صارفین اکثر چیٹس اور میسجز کے مسلسل آنے والے نوٹیفکیشنز سے پریشان رہتے ہیں۔ حالانکہ فون میں موجود نوٹیفکیشنز کو میوٹ کرنے کے آپشنز موجود ہوتے ہیں، لیکن پھر بھی ایپ کھولتے ہی غیر پڑھے گئے میسجز کی نشاندہی کرنے والے آئیکنز کی بھرمار کوفت کا سبب بن جاتی ہے۔
میٹا کمپنی کی جانب سے حالیہ برسوں میں واٹس ایپ اور دیگر ایپس میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) ٹیکنالوجی سمیت کئی نئے فیچرز شامل کیے جا رہے ہیں، تاکہ صارفین کے تجربے کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ اسی سلسلے میں اب واٹس ایپ نے صارفین کی اس بڑی پریشانی کا حل ڈھونڈ نکالا ہے۔
واٹس ایپ بیٹا انفو کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، واٹس ایپ نے چیٹس کے نوٹیفکیشنز کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے جس کا نام ‘مارک آل چیٹس ایز ریڈ’ ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین صرف ایک کلک کے ذریعے تمام غیر پڑھی گئی چیٹس کو ریڈ مارک کر سکیں گے، اور تمام نوٹیفکیشنز سے چھٹکارا پا سکیں گے۔ یہ فیچر خاص طور پر ان لوگوں کے لیے مفید ہے جو روزمرہ کی مصروفیات کے دوران ان گنت پیغامات کے نوٹیفکیشنز سے الجھن کا شکار ہوتے ہیں۔
واٹس ایپ بیٹا انفو نے اس فیچر کے حوالے سے ایک اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے، جو صارفین کو اس آپشن کے استعمال کا طریقہ سمجھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ صارفین جلد ہی واٹس ایپ کی ایپلیکیشن میں موجود تین ڈاٹس کے آپشن میں اس فیچر کو دیکھ سکیں گے۔ یہ فیچر اس وقت ڈیولپمنٹ کے مراحل میں ہے اور جلد متعارف کروایا جائے گا۔
واٹس ایپ کی جانب سے نئے فیچرز کے شامل کیے جانے کا مقصد صارفین کے تجربے کو زیادہ آسان اور خوشگوار بنانا ہے۔ یہ نیا فیچر واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک اہم تبدیلی ثابت ہو سکتا ہے، جو انہیں غیر ضروری نوٹیفکیشنز کے دباؤ سے نجات دلائے گا۔