ذات برادری، سیاسی شخصیات اورپارٹیوں کے ناموں والی پلیٹس نیلامی سے باہر
لاہور:پنجاب حکومت نے من پسند نمبروں کی نمبر پلیٹس کے اجرا کے حوالے سے نئی کیٹیگریز کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد وینٹی نمبر پلیٹس کے شوقین افراد کو مختلف آپشنز فراہم کرنا اور حکومتی ریونیو میں اضافہ کرنا ہے۔ اس نئے منصوبے کے تحت تین کیٹیگریز متعارف کرائی گئی ہیں: پلاٹینم، گولڈ، اور کارپوریٹ۔
پلاٹینم کیٹیگری میں نمبر پلیٹس آٹھ الفاظ اور نمبروں پر مشتمل ہوں گی، اور اس کی ابتدائی قیمت 50 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ یہ کیٹیگری سب سے مہنگی اور خصوصی سمجھی جا رہی ہے، جہاں صارفین اپنے منتخب کردہ نام یا نمبر کو زیادہ نمایاں بنا سکتے ہیں۔
گولڈ کیٹیگری میں تین الفاظ اور تین نمبروں پر مشتمل نمبر پلیٹس شامل ہوں گی، جن کی بنیادی قیمت 5 لاکھ روپے ہوگی۔ یہ کیٹیگری درمیانی سطح پر ہے اور ان لوگوں کے لیے متعارف کرائی گئی ہے جو خصوصی نمبر پلیٹس کے شوقین ہیں مگر پلاٹینم کیٹیگری کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
کارپوریٹ کیٹیگری میں کمپنیز کو ایک کروڑ روپے سے اپنی رجسٹریشن کرانا ہو گی، جس کے بعد لوگو والی پلیٹ پر عام نمبر 5 لاکھ روپے جبکہ من پسند نمبر 10 لاکھ روپے میں جاری کیا جائے گا۔
من پسند نمبروں کی پلیٹس کو نیلامی کے لیے پندرہ دن تک رکھا جائے گا، جس میں خریدار اپنے مطلوبہ نمبروں کے لیے بولی لگا سکیں گے۔ نوٹفیکیشن کے مطابق، ذات برادری، سیاسی پارٹیوں اور سیاسی شخصیات کے ناموں والی پلیٹس کو نیلامی میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ صوبہ پنجاب میں وینٹی پلیٹس کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر کیا گیا ہے، جس سے حکومت کو کافی ریونیو حاصل ہونے کی توقع ہے۔