خیرپور میں کار سے دو ٹک ٹاکرز کی لاشیں برآمد، قتل یا خودکشی؟
خیرپور: ضلع خیرپور میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں ایک مرد اور خاتون کی لاشیں ایک کار سے برآمد ہوئیں۔ دونوں مقتولین کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ ٹک ٹاکرز تھے، جو سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیوز کی وجہ سے مشہور تھے۔
یہ افسوسناک واقعہ اس وقت سامنے آیا جب مقامی لوگوں نے ایک مشکوک حالت میں کھڑی کار دیکھی اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر جب گاڑی کا معائنہ کیا تو اندر سے ایک مرد اور خاتون کی لاشیں ملیں۔
دونوں افراد کے بارے میں شبہ ہے کہ انہیں قتل کیا گیا ہے۔ اس اندوہناک واقعے کی خبر ملتے ہی مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ موت کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق، دونوں مقتولین کی عمر بیس سے پچیس سال کے درمیان تھی اور وہ مختلف ٹک ٹاک ویڈیوز کے ذریعے مقبول تھے۔
اس واقعے کی خبر جیسے ہی سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار تک پہنچی، انہوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی خیرپور سے واقعے کی مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ اس معاملے کی تفتیش نہایت باریک بینی سے کی جائے اور عینی و واقعاتی شواہد کی بنیاد پر حقائق کا پتہ لگایا جائے۔ضیاء الحسن لنجار نے پولیس حکام کو سختی سے تاکید کی کہ تفتیش میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور جو بھی اس وحشیانہ قتل کے ذمہ دار ہوں، انہیں جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی مکمل اور مؤثر تفتیش کے بعد ہی قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔