پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بڑی خوشخبری
کراچی:پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کو مفت علاج اور طبی امداد فراہم کرنے کے لیے 3,000 ذیابیطس کلینکس کا نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے۔ ہیلتھ پروموشن فاؤنڈیشن کے وائس چیئرمین، پروفیسر عبدالباسط نے کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں نیشنل ڈائبٹیز نیٹ ورک کے تحت ہزارویں مفت کلینک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈائبٹیز نیٹ ورک (این ڈی این) کا آغاز باقاعدہ طور پر کر دیا گیا ہے۔
پروفیسر عبدالباسط نے بتایا کہ ہر کلینک روزانہ 25 مریضوں کو مفت مشاورت فراہم کرے گا، جس کے تحت 3,000 کلینکس پر روزانہ 75,000 افراد کو مفت علاج کی سہولت دستیاب ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریضوں کو دوائیں، انسولین 50 فیصد رعایت پر جبکہ لیبارٹری ٹیسٹ 25 فیصد رعایت پر فراہم کیے جائیں گے۔
پروفیسر عبدالباسط کے مطابق، پاکستان میں بہت سے لوگ ذیابیطس کے باعث پاؤں کے زخموں اور دیگر پیچیدگیوں کا شکار ہو کر معذور ہو جاتے ہیں، جس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ علاج اور ادویات کے اخراجات برداشت نہیں کر پاتے۔