ایک ماہ میں کتنا وزن کم کرنا صحت مند ہے؟
وزن کم کرنے کی خواہش میں مبتلا افراد کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ ایک ماہ میں کتنا وزن کم کرنا صحت کے لیے بہتر ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ وزن کم کرنے کے عمل میں تیزی نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے، جس کے نتیجے میں جسمانی غذائیت کی کمی، میٹابولزم کی سست رفتاری اور دیگر صحت کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔
بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مراکز (CDC) کے مطابق ہفتے میں 0.5 سے ایک کلو وزن میں کمی کو مثالی اور محفوظ قرار دیا گیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ ایک ماہ میں 2 سے 4 کلو تک وزن کم کرنا چاہیے۔ اس طرح نہ صرف جسمانی چربی کو کم کیا جا سکتا ہے بلکہ وزن میں کمی کو مستقل طور پر برقرار رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
آہستہ آہستہ وزن کم کرنے کے فوائد:
ماہرین کے مطابق آہستہ آہستہ وزن کم کرنے کا عمل جسم کے لیے زیادہ موزوں ہے کیونکہ اس سے میٹابولزم بہتر رہتا ہے اور جسم کو ضروری غذائیت ملتی رہتی ہے۔ امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن کے جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جن افراد نے آہستہ آہستہ وزن کم کیا، وہ اپنے کم وزن کو طویل مدت تک برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے، جبکہ تیزی سے وزن کم کرنے والے افراد میں یہ مستقل کامیابی نہیں دیکھی گئی۔
تیزی سے وزن کم کرنے کے نقصانات:
بہت سے افراد ایک ماہ میں 5 کلو یا اس سے زیادہ وزن کم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جو کہ پرکشش تو لگ سکتا ہے، لیکن اس کے صحت پر منفی اثرات بھی مرتب ہوسکتے ہیں۔ تیزی سے وزن کم کرنے کے نتیجے میں پِتے میں پتھری بننے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جبکہ جسم میں پانی اور غذائیت کی کمی بھی ہوسکتی ہے۔ سخت ڈائٹنگ جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہوتی ہے، جس سے تناؤ، افسردگی اور دیگر مسائل جنم لے سکتے ہیں۔
اس لیے وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے اور آہستہ آہستہ وزن کم کرنے کو ترجیح دینی چاہیے تاکہ صحت مند زندگی گزاری جا سکے۔