9 مئی واقعات, بشریٰ بی بی کو 12 مقدمات میں بریت مل گئی
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 9 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق 12 مقدمات میں بری الذمہ قرار دیا ہے۔
یہ فیصلہ جج ملک اعجاز اصف نے اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی کے خلاف مقدمات کی سماعت کے دوران سنایا۔ پولیس کی جانب سے بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کردی گئی، اور تمام مقدمات میں بشریٰ بی بی کو ڈسچارج کر دیا گیا۔
پولیس نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ بشریٰ بی بی کو جی ایچ کیو حملہ سمیت مختلف مقدمات میں شامل تفتیش کیا جانا تھا۔ تاہم، بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ مقدمات بے بنیاد ہیں اور ان کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ عدالت نے تمام مقدمات میں بشریٰ بی بی کو بری الذمہ قرار دیا ہے اور پولیس کی استدعا کو مسترد کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ پی ٹی آئی کے لیے ایک بڑی قانونی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس کا اثر دیگر مقدمات پر بھی پڑے گا جو عمران خان اور ان کے حامیوں کے خلاف زیرِ سماعت ہیں۔