رواں سال کا پہلا سپر بلیو مون کل پاکستان کے آسمان پر جلوہ گر ہوگا
پاکستان میں 21 اگست 2024 کو ایک منفرد فلکیاتی مظہر "سپر بلیو مون” نظر آئے گا، جو دو مختلف فلکیاتی واقعات کا مجموعہ ہے۔ سپر بلیو مون اس وقت ظاہر ہوتا ہے جب "سپر مون” اور "بلیو مون” دونوں ایک ہی دن میں وقوع پذیر ہوتے ہیں۔
ترجمان سپارکو کے مطابق، یہ سپر بلیو مون پاکستان میں پیر رات 11:26 بجے نظر آئے گا۔ سپر مون اس وقت ہوتا ہے جب چاند اپنے مدار میں زمین کے قریب ترین مقام پر آتا ہے، جس سے چاند عام کے مقابلے میں 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔
2024 کا یہ پہلا سپرمون ہوگا، جبکہ مزید تین سپر مون 18 ستمبر، 17 اکتوبر، اور 15 نومبر کو نظر آئیں گے۔ بلیو مون ایک نایاب واقعہ ہے جو اس وقت ہوتا ہے جب کسی ایک موسم میں چار کامل مہتاب نظر آئیں۔ اس بار کا سپر بلیو مون اس سیزن کا تیسرا بلیو مون ہوگا، جو دو سے تین سال کے وقفے کے بعد ہوتا ہے۔
سپر بلیو مون کا یہ امتزاج عام طور پر ہر 10 سال میں ایک بار ہوتا ہے، اور اگلا سپر بلیو مون جنوری 2037 میں ظاہر ہوگا۔ اس وجہ سے یہ واقعہ فلکیات کے شوقین افراد کے لیے خصوصی دلچسپی کا باعث بن سکتا ہے۔
یہ فلکیاتی مظاہر نہ صرف نایاب ہوتے ہیں بلکہ ان کا مشاہدہ بھی ایک منفرد تجربہ ہوتا ہے، جو قدرت کی حیرت انگیز کاریگری کو ظاہر کرتا ہے۔