انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی,ڈیجیٹل معیشت خطرے میں
پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار میں 30 سے 40 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جس سے ملک کی ڈیجیٹل معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز ایسوسی ایشن نے بڑھتی ہوئی نگرانی کو اس کمی کا باعث قرار دیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو کاروباری ادارے اپنے آپریشنز دوسرے ممالک میں منتقل کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
وائرلیس اینڈ انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق، سیکیورٹی اور نگرانی میں اضافے کے حکومتی فیصلے کا غیر ارادی نتیجہ یہ نکلا ہے کہ انٹرنیٹ کی رفتار میں نمایاں کمی آئی ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران انٹرنیٹ کی رفتار میں 30 سے 40 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے آن لائن کاروبار اور انٹرنیٹ پر منحصر پیشہ ور افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اس کا اثر خاص طور پر کال سینٹرز، ای کامرس پروفیشنلز، آن لائن ورکنگ کلاس اور الیکٹرانک سے متعلقہ کاروباروں پر زیادہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ انٹرنیٹ کی سست روی کی وجہ سے ان کاروباروں کی بقا کو خطرہ لاحق ہو چکا ہے۔
آئی ایس پیز نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ صورت حال برقرار رہی تو بہت سے کاروبار اپنے آپریشنز کو دوسرے ممالک میں منتقل کرنے پر غور کر سکتے ہیں، جس سے پاکستان کی معیشت کو مزید نقصان پہنچ سکتا ہے۔