یوم آزادی پر آرمی چیف کی سابق فوجیوں کے اعزاز میں خصوصی تقریب
راولپنڈی: یوم آزادی کے موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے سابق فوجیوں کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔
آئی ایس پی آر کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، اس تقریب میں بڑی تعداد میں ریٹائرڈ فوجی افسران اور جوان شریک ہوئے۔ آرمی چیف نے سابق افسران اور جوانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی قربانیوں اور قوم کے لیے ان کے اہم کردار کی تعریف کی۔
جنرل سید عاصم منیر نے قومی اتحاد اور مشکلات کے سامنے ثابت قدم رہنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سابق فوجیوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں۔
تقریب کے دوران آرمی چیف نے جعلی خبروں اور دشمنوں کی جانب سے پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے کے خطرات سے بھی آگاہ کیا، جو عوام اور مسلح افواج کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوام کی مضبوط حمایت سے یہ تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔
تقریب میں شریک سابق افسران نے پاکستانی فوج کی قیادت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا اور اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف اور جنرل (ر) اشفاق پرویز کیانی بھی موجود تھے۔