غزہ میں اسرائیلی بربریت سکول پر حملہ، 100 پناہ گزین شہید
غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے، حالیہ واقعے میں اسرائیل نے پناہ گزین کیمپ کے ایک سکول پر میزائل حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 100 فلسطینی شہید ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق، یہ حملہ غزہ شہر کی الدرج کالونی میں التابعدن سکول پر کیا گیا، جہاں پر فجر کی نماز ادا کی جا رہی تھی۔ غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان، محمود بصل، نے اس واقعے کو ایک ہولناک قتل عام قرار دیا، جس میں کئی لاشوں میں آگ لگ گئی اور ریسکیو عملہ لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی فضائیہ نے کمانڈ اور کنٹرول سینٹر پر حملہ کیا، جسے حماس کے دہشت گرد اور کمانڈر پناہ گاہ کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔ فوج کے مطابق، حملے سے پہلے شہریوں کو نقصان سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں، جن میں درست نشانہ بنانے والے اسلحہ، فضا سے نگرانی کرنے اور انٹیلی جنس رسائی کا استعمال شامل تھا۔
یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا جب غزہ پر اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس میں اب تک 39 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں نصف سے زیادہ خواتین اور بچے شامل ہیں۔ دوسری جانب، قطر، مصر اور امریکا اسرائیل اور حماس پر جنگ بندی کے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں، جبکہ سعودی عرب نے بھی اس سلسلے میں مذاکرات کے آغاز کا خیر مقدم کیا ہے۔