پالتو کتے کے حملے سے متاثرہ لڑکی کی ناک پر بال اگنے لگے، ٹک ٹاک پر ویڈیو وائرل
ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں، ایک پالتو کتے کے حملے کے بعد نوجوان لڑکی ٹرینیٹی رولز کا چہرہ بری طرح متاثر ہوگیا، جس کے نتیجے میں اس کی ناک پر غیر معمولی طور پر بال اگنے لگے ہیں، جو دیکھنے میں کتے کی ناک سے مشابہہ معلوم ہوتے ہیں۔
ٹرینیٹی کی زندگی اس وقت یکسر بدل گئی جب اس کے والد کے پالتو کتے، آئرش نے اچانک اس پر حملہ کر دیا۔ آئرش، جو ہمیشہ ایک نرم مزاج اور دوستانہ کتا سمجھا جاتا تھا، اس روز غیر معمولی طور پر مشتعل ہو گیا اور ٹرینیٹی کی ناک پر زور سے کاٹ لیا۔ اس حملے کے بعد، ٹرینیٹی کو فوراً اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی ناک اور چہرے کی مرمت کے لیے متعدد سرجریز کیں۔
ڈاکٹروں نے ٹرینیٹی کی پیشانی سے کھال لے کر اس کی ناک پر ٹرانسپلانٹ کی، جس سے اس کے چہرے کی حالت کافی حد تک بحال ہو گئی۔ تاہم، کچھ دنوں بعد ٹرینیٹی کی ناک پر بال اگنے لگے، جس سے اس کا خوداعتمادی شدید متاثر ہوئی۔
ٹرینیٹی نے ٹک ٹاک پر اپنی کہانی شیئر کی، جہاں اس نے صارفین کو اپنے چہرے کی موجودہ حالت دکھائی۔ صارفین نے اس کی ہمت کو سراہتے ہوئے مشورہ دیا کہ وہ لیزر ٹریٹمنٹ کے ذریعے ان بالوں کو ہٹانے پر غور کرے۔
اب تک ٹرینیٹی کی چار سرجریز ہو چکی ہیں، اور ڈاکٹروں نے مزید چھ سرجریز کی ضرورت بتائی ہے۔ اگرچہ اس کی ناک کی حالت میں بہتری آئی ہے، لیکن اس واقعے نے اس کی زندگی کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا ہے۔