"کبھی نہ سونے والی” ویتنامی خاتون کی کہانی نے دنیا کو حیران کردیا
ہو چی منہہ:ویتنام کی ایک خاتون، Nguyen Ngoc My Kim، نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ گزشتہ 30 سال سے نہیں سوئیں۔ 49 سالہ کم، جو اپنے آبائی صوبے لانگ این میں "کبھی نہ سونے والی” کے نام سے مشہور ہیں، اس انوکھے دعوے کے باعث عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، کم نے ہمیشہ اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ گزشتہ تین دہائیوں سے مسلسل جاگ رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیند کی مکمل کمی کے باوجود ان کی صحت پر کوئی منفی اثر نہیں پڑا۔
کم کے مطابق، ان کی بے خوابی کا سفر بچپن سے ہی شروع ہوا۔ ابتدا میں وہ رات دیر تک پڑھائی کرتی تھیں، اور بعد میں جب انہوں نے سلائی کا کام شروع کیا تو آرڈرز پورے کرنے کے لیے رات بھر جاگتی رہتی تھیں۔ وقت کے ساتھ، ان کی نیند کی ضرورت مکمل طور پر ختم ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ بچپن سے ہی انہیں دیر تک جاگنے کی عادت تھی، لیکن جیسے جیسے وقت گزرتا گیا، انہیں نیند کی کوئی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔ کم کی اس حالت نے نہ صرف ان کے مقامی علاقے میں بلکہ عالمی سطح پر بھی لوگوں کی توجہ حاصل کی ہے۔