بغیر انٹرنیٹ واٹس ایپ استعمال کرنے کا نیا طریقہ: پراکسی سپورٹ فیچر کی تفصیلات
پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک رسائی میں مشکلات اور انٹرنیٹ کی بندش کی وجہ سے لوگ اب ایسے طریقے تلاش کر رہے ہیں جن سے ان رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔ ان حالات میں واٹس ایپ نے پراکسی سپورٹ کے ذریعے ایک ایسا فیچر متعارف کرایا ہے جو بغیر انٹرنیٹ کے بھی واٹس ایپ کے استعمال کی اجازت دیتا ہے۔
واٹس ایپ کے پراکسی سپورٹ فیچر کے ذریعے آپ ایپ کو ایسے سرورز سے کنکٹ کر سکتے ہیں جو مختلف افراد یا اداروں نے قائم کئے ہوتے ہیں، تاکہ انٹرنیٹ کے بغیر بھی آپ میسجز بھیج سکیں اور وصول کر سکیں۔
پراکسی سپورٹ فیچر استعمال کرنے کا طریقہ:
1. واٹس ایپ اوپن کریں اور سیٹنگز میں جائیں۔
2. سیٹنگز میں "ڈیٹا اینڈ اسٹوریج یوزیج” آپشن منتخب کریں۔
3. "پراکسی سیٹنگز” میں جائیں اور "یوز پراکسی” کا انتخاب کریں۔
4. پراکسی ایڈریس درج کریں اور "سیو ٹو کنکٹ” پر کلک کریں۔
5. اگر کنکشن کامیاب ہو جائے تو ایک چیک مارک نظر آئے گا، جس سے ثابت ہوگا کہ پراکسی کام کر رہی ہے۔
پراکسی سپورٹ کے استعمال سے میسجز اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ رہتے ہیں، یعنی ان تک کسی اور کی رسائی ممکن نہیں ہوتی۔ اگر کسی پراکسی ایڈریس سے کنکشن نہ ہو پائے تو دوسرا پراکسی ایڈریس آزمائیں۔
واٹس ایپ کے اس فیچر سے دنیا بھر کے دو ارب سے زائد صارفین فائدہ اٹھا سکتے ہیں، اور انٹرنیٹ بندش یا سست رفتار انٹرنیٹ کی صورت میں بھی رابطہ بحال رکھ سکتے ہیں۔ اس فیچر کا مقصد ہر اس جگہ واٹس ایپ تک رسائی فراہم کرنا ہے جہاں ایپ کو بلاک کیا گیا ہو یا انٹرنیٹ سروس متاثر ہو۔