بنگلہ دیش: فوج نے اقتدار سنبھال لیا، عبوری حکومت قائم کرنے کا اعلان
ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں آرمی چیف کی قیادت میں فوج نے اقتدار سنبھال لیا ہے اور جلد ہی ایک نگران حکومت قائم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ آرمی چیف نے اپنے خطاب میں عوام کو یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات پورے کیے جائیں گے اور ملک میں امن و امان بحال کیا جائے گا۔
آرمی چیف نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ سیاسی حالات میں تشدد اور لوٹ مار ناقابل قبول ہیں اور ان کو فوری طور پر روکا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش کے تمام فیصلے اب فوج کے ہاتھ میں ہوں گے اور ملک کو مخلوط حکومت کے تحت چلایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے بنگلہ دیش کی سڑکوں پر خون سول نافرمانی کے مظاہروں میں 300 جانیں ضائع
وزیراعظم نے استعفیٰ دے دیا ہے اور آرمی چیف نے اعلان کیا کہ تمام سیاسی لیڈران سے بات چیت ہو چکی ہے اور ملک میں مارشل لاء نافذ نہیں کیا جا رہا۔ جلد ہی ایک عبوری حکومت قائم کر دی جائے گی تاکہ ملک میں جمہوری عمل کو بحال کیا جا سکے۔
ہندوستان نے بنگلہ دیش کے حالات کے پیش نظر سرحد پر ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ آرمی چیف نے عوام سے پر امن رہنے کی اپیل کی ہے اور یقین دلایا ہے کہ اُن کے مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔
یہ اقدام ملک میں موجودہ سیاسی بحران اور عوامی مظاہروں کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے تاکہ ملک میں استحکام اور امن و امان قائم کیا جا سکے۔