14 اگست پر جھنڈے نہ خریدیں، بشریٰ انصاری کا مداحوں کو مشورہ
لاہور:پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اور سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے جشن آزادی سے پہلے اپنے مداحوں کے نام ایک اہم پیغام دیا ہے۔ پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کے قریب آتے ہی ملک بھر میں یکم اگست سے مختلف اسٹالز لگ جاتے ہیں جہاں پر جھنڈیاں، بیجز، سبز ہلالی پرچم سمیت مختلف اشیاء فروخت کی جاتی ہیں۔
اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر بشریٰ انصاری نے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ اس سال 14 اگست پر سبز ہلالی پرچم کی بجائے پودے خریدیں اور پاکستان کو ایک ہرا بھرا ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اداکارہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پھیلائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس پر عمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ برسوں میں پاکستان کا درجہ حرارت بہت بڑھ گیا ہے۔ اب جون اور جولائی کے علاوہ دیگر مہینوں میں بھی گرمی کی شدت ریکارڈ توڑ رہی ہے، جس کی وجہ سے کئی نئی بیماریاں بھی سامنے آئی ہیں۔ مختلف رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ جنگلات کی کمی ہے۔ شہری علاقوں میں درختوں کی کمی کی وجہ سے درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے اور اگر درخت نہیں لگائے گئے تو آنے والے سالوں میں گرمی کی شدت بڑھ سکتی۔
بشریٰ انصاری کے اس پیغام کو عوام میں بہت پذیرائی ملی ہے اور لوگ اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ کس طرح اپنے ملک کو ہرا بھرا بنا کر موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔