وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا بڑا اعلان: صوبے میں آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے
بنوں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بنوں میں امن پاسون ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ حکومتوں کے فیصلوں پر شدید تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ ہم اپنے فیصلے خود کریں گے اور صوبے میں کسی بھی آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پختونخوا کی تاریخ پختونوں کی جدوجہد اور قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی میں پختونوں کا اہم کردار رہا ہے اور اس کے لئے ہم نے خون بھی بہایا اور تن من دھن کی قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے امریکا کی غلط پالیسیوں کی پیروی کرنے والی ماضی کی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان کی غلطیوں کی وجہ سے بہت سی قربانیاں دینی پڑیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے نام پر بیرونی امداد حاصل کی گئی لیکن اصل قربانیاں ہم نے دیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ بنوں کے عوام کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور صوبے میں ترقیاتی کام جاری رکھنے کا عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند عناصر باتوں کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں، مگر ہم اپنے مدرسوں کے بچوں کو تعلیم سمیت تمام سہولیات فراہم کریں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کرپشن اور منشیات کے خلاف کارروائی کرنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ جو بھی اس کے خلاف لڑے گا، وہ اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور فوج کے شہداء ہمارے ہیروز ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی بھلایا نہیں جائے گا۔
جلسے کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ بنوں کے عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور اس میں کسی بھی قسم کی تشہیر کی ضرورت نہیں ہوگی۔