سرگودھا: 5 سالہ بچے کے معدے سے چابی نکال لی گئی، ڈاکٹرز کو خراج تحسین
لاہور:سرگودھا سے تعلق رکھنے والے ایک 5 سالہ بچے نے غیر ارادی طور پر چابی نگل لی جس کے بعد اُسے فوری طور پر لاہور منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے معدے سے چابی نکالنے کا کامیاب آپریشن کیا ۔
جنرل ہسپتال لاہور میں معالجین کی ایک ماہر ٹیم نے ایسوسی ایٹ پروفیسر پیڈیاٹرک ڈاکٹر حسن سلمان کی سربراہی میں اینڈوسکوپی پروسیجر کے ذریعے بچے کے معدے سے چابی نکال لی۔ بچے کے والدین کے مطابق ڈاکٹرز کی ٹیم نے فوری ضروری ٹیسٹ کیے اور کامیاب پروسیجر مکمل کیا۔
پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے بچے کی جان بچانے پر ڈاکٹرز کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور بتایا کہ جنرل اسپتال کے تمام شعبوں میں اسٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولتیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی سے بچے کی جان بچانا ممکن ہوا۔
یہ واقعہ ایک بار پھر بچوں کی نگرانی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے تاکہ وہ غیر مناسب اشیاء نگلنے سے محفوظ رہ سکیں۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی حفاظت کے لئے ہمیشہ چوکس رہیں اور انہیں نقصان دہ اشیاء سے دور رکھیں۔