اجناس منڈیوں کے صدور نے حکومت کو5روزکاالٹی میٹم دے دیا
پاکستان بھر کی اجناس منڈیوں کے صدور نے دالوں اور چاول پر عائد کیے جانے والے ودہولڈنگ ٹیکس کو مسترد کرتے ہوئے اس فیصلے کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا اعلان کیا ہے۔ کراچی کے جوڑیا بازار میں منعقد ہونے والے ایک مشترکہ ہنگامی اجلاس میں ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں کراچی گروسرز اینڈ ہول سیلرز کے چیئرمین عبد الروف ابراہیم نے کہا کہ دالوں اور چاول پر ودہولڈنگ ٹیکس کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر ریٹیلرز اور ڈیلرز سے شناختی کارڈ اور ٹیکس اکٹھا کرنے میں ناکام رہے گی اور اس فیصلے کے نتیجے میں دالوں اور چاول کی قیمتوں میں دس سے پندرہ روپے فی کلو اضافہ ہو جائے گا۔
تاجر رہنما محمود مولوی نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ اس معاملے پر تاجروں کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کرے اور راتوں رات ٹیکس نظام کو تبدیل نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیکس نظام بہتر ہو جائے تو سب تاجر فائلر بن جائیں گے۔
عبد الرؤف ابراہیم نے مزید کہا کہ چیئرمین ایف بی آر مذاکرات کریں ورنہ تاجر برادری ہڑتال پر چلی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا ہماری بات اسی صورت سنی جائے گی جب ہم ہڑتال کریں گے؟۔ حکومت کو ودہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے کے لیے پانچ روز کی مہلت دے رہے ہیں اگر ہمارا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو 30 جولائی کو ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف احتجاج کا حتمی لائحہ عمل پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ، لاہور ہائی کورٹ میں ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف درخواست دائر کرنے کا بھی اعلان کیا۔