پنجاب کی بڑی آبادی بجلی کے بل دینے کی سکت نہیں رکھتی :مریم نواز
لاہو:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبہ کی بڑی آبادی میں بجلی کے بھاری بل ادا کرنے کی سکت نہیں ۔ لوگوں کو تنخواہ کے برابر بجلی کے بل آرہے ہیں یا تنخواہ ایک بڑا حصہ بجلی کے بلوں کی مد میں چلا جاتا ہے۔ گھر کا خرچہ چلانا لوگوں کے بس سے باہر ہو چکا ہے۔ صوبے کی 13 کروڑ آبادی میں ایک بڑی تعداد معاشی مشکلات کاشکار ہے۔ ان کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب میں 45 لاکھ صارفین کے لئے شمسی توانائی کا منصوبہ شروع کرنے لگے ہیں جس سے ان کے بجلی کا بل آدھا ہو جائے گا اور وہ سکھ کا سانس لے سکیں گے۔
اسے بھی پڑھیںلوگ گھروں کے کرائے سے زیادہ بجلی کے بل ادا کرنے پر مجبور
پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ضرورت مندوں کو ان کی دہلیز تک ریلیف پہنچانے کے لئے درست ڈیٹا بہت ضروری ہے۔ حقداروں کی درجہ بندی کیلئے سوشل رجسٹری انتہائی ضروری ہے، ہر ضلع کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کا عمل جاری ہے، معذور افراد کا بھی مستند ڈیٹا موجود نہیں ،مستند ڈیٹا کے ذریعے حق داروں تک حق پہنچانا آسان ہو جائے گا۔
سوشیو اکنامک رجسٹری میں رجسٹریشن کروانے والے سوشل پروٹیکشن کے پروگرامز کے حقدار ٹھہریں گے ، 5ہزار سے زائد رجسٹریشن سینٹرز قائم کر دئیے گئے ہیں، عوام اپنے گھر بیٹھے بھی پورٹل پرخود کو بآسانی رجسٹرڈ کرا سکتے ہیں، پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹر ی کی ہیلپ لائن 080002345 پر بھی رجوع کیا جا سکتا ہے۔