ملتان: بااثر زمیندار نے گدھی کی دونوں ٹانگیں کاٹ ڈالیں، سفاکیت کی انتہا
ملتان: علی پور کے علاقے موضع جتوئی میں ایک سفاک اور بااثر زمیندار نے غریب مزدور کی گدھی کی دونوں ٹانگیں کاٹ دیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق گدھی نے تل کی فصل سے پانی پیا جس پر زمیندار طیش میں آ کر تیز دھار آلے سے گدھی کی دونوں ٹانگیں کاٹ دی۔
پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ مزدور کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گزشتہ چند ماہ میں جانوروں پر ظلم و بربریت کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ پہلا واقعہ سانگھڑ میں پیش آیا تھا جہاں جاگیردار نے فصل خراب کرنے کے الزام میں اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی تھی۔ بعد ازاں حیدرآباد، راولپنڈی سمیت دیگر علاقوں سے بھی ایسے واقعات سامنے آئے ہیں۔
اسی طرح، 16 جون کو حیدرآباد میں ایک مالک نے اپنے گدھے کو دوسرے گدھے کے ساتھ دیکھنے پر اُس کی ٹانگ کاٹ دی تھی جو بعد میں 23 جون کو مر گیا تھا۔
یہ افسوسناک واقعات جانوروں کے حقوق کی پامالی اور معاشرتی بربریت کی نشاندہی کرتے ہیں، جس پر فوری توجہ اور کارروائی کی ضرورت ہے۔