تاریخ کی مختصر شادی، نکاح کے 3 منٹ بعد ہی دلہن نےطلاق لے لی
شادی ایک ایسا انمول رشتہ ہے جس میں میاں بیوی ساتھ مر نے اور جینے کی قسمیں کھاتے اور ایک دوسرے کا دکھ درد بانٹتے ہیں۔ کویت میں ایک ایسا واقعہ رپورٹ ہوا جس میں خاتون نے نکاح کے 3 منٹ بعد ہی طلاق لے لی۔ یہ اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ ہے کیونکہ اکثر میاں بیوی میں علیحدگی کچھ سال بعد ہی ہوتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، کویت میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا، جہاں ایک عدالت میں نوجوان جوڑا شادی کے بعد باہر آیا۔ تاہم دلہن فوراً واپس عدالت گئی اور جج سے شادی ختم کرنے کی درخواست کی، جس پر جج نے فوراً شادی ختم کر دی۔
رپورٹ کے مطابق، یہ حیران کن واقعہ اس وقت پیش آیا جب دلہن عدالت سے باہر آتے ہوئے چلتے چلتے کسی چیز سے ٹکرا کر لڑکھڑا گئی۔ نئے نویلے شوہر نے اس موقع پر دلہن کی مدد کرنے کے بجائے اس کا مذاق اڑاتے ہوئے اسے بے وقوف کہہ دیا۔
دلہن، جو اپنے شوہر سے ہمدردی کی توقع کر رہی تھی، اس غیر متوقع رویے سے برہم ہو گئی اور بغیر کسی ہچکچاہٹ کے عدالت واپس جا کر طلاق کی درخواست دی۔ جج نے درخواست پر فوری عمل کرتے ہوئے شادی ختم کر دی۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ کچھ سال پرانا ہے لیکن حال ہی میں مقامی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے، اور اسے ملک کی تاریخ کی سب سے مختصر شادی قرار دیا جا رہا ہے۔ صارفین اس واقعے پر دولہا کے رویے کی شدید تنقید کر رہے ہیں اور دلہن کے فیصلے کو درست قرار دے رہے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ جو شخص شادی کے چند لمحے بعد اپنی بیوی کو عزت اور تحفظ نہیں دے سکتا، وہ ساری زندگی اسے کیا عزت دے گا۔