سگریٹ، ڈیزل اور دیگر اشیا کی اسمگلنگ، کیا بارڈر پر پٹواری ذمہ دار ہیں؟ عمر ایوب
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہائبرڈ نظام مزید نہیں چل سکتا۔ انہوں نے یہ بات پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہی۔ عمر ایوب نے کہا کہ آج کے چھاپے کا ہدف ہمارے ارکان اسمبلی کے پارٹی وابستگی کے حلف نامے تھے۔
بیرسٹر گوہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ سب کچھ ایک پارٹی کو کمزور کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھاپے میں تمام ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا اور رؤف حسن کی رہائی کے لیے قانونی جنگ لڑی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت کا سینٹرل آفس پارلیمان کی بنیاد ہے اور امید ہے کہ رؤف حسن کو بازیاب کیا جائے گا۔
عمر ایوب نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو ہضم نہیں کیا جا رہا کہ ریزرو سیٹیں پی ٹی آئی کو کیوں ملیں؟ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشتگردی عدالت میں ہمارے خلاف مقدمات ہیں اور ہم محب وطن پاکستانی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کو فارم 45 پر کامیاب کرایا اور ہمیں 125 سیٹیں ملی ہیں۔
عمر ایوب نے کہا کہ محسن نقوی کے دور میں پنجاب میں گندم درآمد کی گئی، جبکہ سیزن کے دوران کسانوں سے گندم نہیں خریدی گئی۔ انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کے دور میں 450 ارب کی گندم درآمد کی گئی اور کاشتکاروں کے خون پسینے کا معاوضہ چھینا گیا۔ عمر ایوب نے مطالبہ کیا کہ 450 ارب کی گندم درآمد پر کمیشن بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایران سے 550 ارب کا پیٹرول اسمگل ہو کر پاکستان آتا ہے اور اسمگل کرنے والوں کو ٹارگٹ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کیسے اسمگل ہو رہی ہیں اور کون اسمگلنگ کرا رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا کے بارڈر پر اسمگلنگ کو روکا جائے۔
عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے پر معیشت کی گروتھ 6 فیصد تھی، اس سے پہلے پی ڈی ایم دور حکومت میں معیشت کی گروتھ منفی ہو گئی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کی طرف سے آج کا مارا گیا چھاپہ ہمارے ممبران قومی اسمبلی کے بیان حلفی ہتھیانے کا بہانہ تھا اور ہمارے خلاف قوانین کا استعمال ہو رہا ہے۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ آج کی نیوز کانفرنس حکومت کی نااہلی کے خلاف فرد جرم تھی۔ انہوں نے بے نامی اکاؤنٹس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بے نامی اکاؤنٹس کا پہلے وزیراعظم سے پوچھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہائبرڈ نظام مزید نہیں چل سکتا۔