9 مئی کے ذمہ داروں کو رعایت دی تو ملک میں فسطائیت پھیل جائے گی:ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جی ایچ کیو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات کے ذمہ داروں، سہولتکاروں اور منصوبہ سازوں کو اگر رعایت دی گئی تو ملک میں فسطائیت پھیلنے کا خطرہ ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ 9 مئی کے بعد ایک بیانیہ پھیلایا گیا کہ فوج نے مظاہرین کو روکا کیوں نہیں اور گولی کیوں نہیں چلائی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ فوجی دستے ہمیشہ پہلے انتباہ دیتے ہیں، پھر ہوائی فائرنگ کرتے ہیں اور اگر مظاہرین باز نہ آئیں تو پھر مناسب اقدامات کیے جاتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیاسی اور غیرقانونی مافیا آپریشن عزم استحکام کے خلاف ہے اور اسے متنازع بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس آپریشن کے دوران 31 انتہائی مطلوب دہشتگرد مارے گئے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ملک میں 32,000 مدارس میں سے صرف 16,000 رجسٹرڈ ہیں، جبکہ باقی 50 فیصد مدارس کا کوئی سراغ نہیں ہے کہ وہ کہاں ہیں اور ان میں کیا ہو رہا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ کام فوج کا نہیں ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ بنوں واقعے کے بعد ڈیجیٹل دہشتگرد تیار بیٹھے تھے اور امن مارچ میں شامل شرپسندوں نے معصوم شہریوں پر گولیاں چلائیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ سنجیدہ مسائل کو سیاست کی نذر کیا جا رہا ہے اور آپریشن عزم استحکام اس کی ایک مثال ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعے کے بعد سیاسی انتشاری ٹولے نے کہنا شروع کر دیا کہ فوج نے انہیں روکا کیوں نہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ان شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔