کھلاڑیوں کے چھکا مارنے پر پابندی عائد کر دی گئی
لندن:برطانوی میڈیا کے مطابق دنیا کے ایک قدیم کلب ساؤتھ وک اینڈ شورہم کلب نے رہائشیوں کی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں پر چھکا مارنے کی پابندی عائد کر دی ہے۔ اس پابندی کی وجہ گراؤنڈ کے ساتھ واقع گھروں کے رہائشیوں کی شکایات ہیں، جنہوں نے بالز کے باعث ہونے والے نقصان کی نشاندہی کی تھی۔
یہ کلب 1790 میں برائٹن کے قریب قائم ہوا تھا۔ شکایات کے بعد کھلاڑیوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ پہلے چھکے پر کوئی رن نہیں ملے گا اور دوسرا چھکا مارنے پر بیٹر کو آؤٹ ہو جائے گا۔
ایک بیٹر نے اس پابندی کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ چھکا مارنا کھیل کی شان ہے اور انشورنس کمپنیاں اس نقصان کو پورا کر سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ کرکٹ گراؤنڈ کے قریب گھر خریدتے ہیں تو چند بالز کی توقع رکھنی چاہیے۔
دوسری طرف، کچھ رہائشیوں نے اس پابندی کا خیرمقدم کیا ہے۔ ایک رہائشی نے بتایا کہ ان کے باپ دادا اس گھر میں رہتے رہے ہیں اور شروع سے ہی بالز سے نقصان ہوتا رہا ہے۔
تاہم، ایک اور رہائشی نے کہا کہ وہ اس پابندی سے متفق نہیں ہیں کیونکہ ان کے گھر میں کبھی بال نہیں آئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گراؤنڈ چھوٹا ہے لیکن چھکا کھیل کا ایک خوبصورت ترین حصہ ہے۔