صدر بائیڈن کی صدارتی دوڑ سے دستبرداری: کملا ہیرس کی حمایت اور سمپسنز کی پیشگوئی
امریکی صدر جو بائیڈن نے اتوار کی شب اعلان کیا کہ وہ صدارتی دوڑ سے دستبردار ہو رہے ہیں اور نائب صدر کملا ہیرس کی بطور صدارتی امیدوار حمایت کر رہے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اس اعلان کے بعد امریکی صدارت سے متعلق اینیمیٹڈ سیریز ‘دی سمپسنز’ کی 20 برس قبل کی گئی پیشگوئی پھر سے اک بار سوشل میڈیا پر موضوع بحث چھڑ گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اس حوالے سے میمز اور تبصرے تیزی سے پھیل گئے ہیں۔ ‘دی سمپسنز’، جو دنیا کے اہم واقعات کی پیشگوئیوں کے لیے مشہور ہے، نے مارچ 2000 میں اپنی 11ویں سیریز کی 17ویں قسط میں ‘لیزا سمپسن’ نامی کردار کو امریکی صدر کے طور پر دکھایا تھا۔ اس کردار نے کملا ہیرس کی طرح پینٹ سوٹ اور موتیوں کی مالا بھی پہنی ہوئی تھی۔
صدر بائیڈن کے دستبرداری اور کملا ہیرس کی حمایت کے اعلان کے بعد، سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں کہ ‘دی سمپسنز’ کی ایک اور پیشگوئی سچ ہونے جا رہی ہے۔ صارفین کا ماننا ہے کہ کملا ہیرس اس بار الیکشن جیت کر پہلی ایشیائی سیاہ فام خاتون صدر بن سکتی ہیں۔
یہ دلچسپ اتفاق اور پیشگوئی سوشل میڈیا پر بحث و مباحثے کا مرکز بنے ہوئے ہیں، اور عوامی دلچسپی میں اضافہ کر رہے ہیں۔