خفیہ کال ، پاکستان کاٹی ٹی پی سرغنہ کیخلاف سخت کارروائی کرنے کافیصلہ
اسلام آباد:پاکستان حکومت نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سرغنہ نور ولی محسود کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کافیصلہ کرلیاہے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سرغنہ نور ولی محسود کی حالیہ خفیہ کال لیک کا فارنزک کرانے کے بعد اس کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیاگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نور ولی کی افغانستان میں موجودگی اور پاکستان میں دہشتگردی کروانے پر افغانستان کی حکومت سے احتجاج اور دہشتگردوں کو مسلسل دہشتگردی اور سنگین جرائم کرنے پر پاکستان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرنے کابھی فیصلہ کیاگیاہے۔
افغانستان میں بیٹھ کر خارجی ٹولے اور نور ولی محسود کی طرف سے پاکستان میں دہشت گردی کروانے پر افغانستان کی حکومت سے شدید احتجاج بھی کیا جائے گا۔افغان حکومت سے مطالبہ کیا جائے گا کہ خوارجی دہشت گردوں کو پاکستان کے حوالے کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق، اس اہم کال کی فارنزک رپورٹ کے بعد نور ولی محسود اور غٹ حاجی کے خلاف کری شموزئی ڈیرہ اسماعیل خان کے دیہی ہیلتھ سینٹر میں 15 اور 16 جولائی کو معصوم بچوں اور خواتین کو شہید کرنے پر سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ یہ قانونی کارروائی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کی سرزمین مسلسل پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے اور افغان عبوری حکومت ان دہشت گردوں کی سرگرمیوں کو روکنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اُکھاڑنے کے لیے ہر ممکن حد تک جانے کا عزم ظاہر کیا ہے تاکہ اس ناسور سے نجات حاصل کی جا سکے۔