ارکان پارلیمنٹ سرکاری ہسپتالوں میں علاج کرائیں:ہائی کورٹ کا حکم
سندھ ہائی کورٹ کا ارکان پارلیمنٹ کے علاج کے لیے نیا حکم
کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے ارکان پارلیمنٹ کو اپنے حلقہ انتخاب کے سرکاری ہسپتالوں میں علاج کروانے کا حکم جاری کردیا۔ عدالت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
عدالت نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایسی پالیسی بنائے جس کے تحت تمام منتخب ارکان پارلیمنٹ اور ان کے اہل خانہ اپنے حلقہ انتخاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ہی علاج کرائیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ ارکان پارلیمنٹ صرف کینسر یا دیگر سنگین بیماریوں کے علاج کے لیے اپنے علاقے سے باہر علاج کرا سکتے ہیں۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ شہریوں کو طبی سہولیات فراہم نہ کرنا آئین کے آرٹیکل 9 کی خلاف ورزی ہے اور صحت کے اداروں کو ہر صورت میں شہریوں کو طبی سہولیات فراہم کرنی چاہئیں۔
چیف سیکریٹری نے سیکریٹری صحت کو سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔