خواجہ سعد رفیق کی پی ٹی آئی پر سخت تنقید: ‘جمہوریت کو کمزور کرنے کا الزام
اسلام آباد مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اقتدار کی ہوس نے پارلیمنٹ کو کمزور کر کے ملٹری اور جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ کو دوبارہ جمہوریت اور ریاست پر مسلط کر دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر بیان جاری کرتے ہوئے سعد رفیق نے پی ٹی آئی کو اپنے داغدار دامن میں جھانکنے کا مشورہ دیا۔
سعد رفیق نے کہا کہ پی ٹی آئی کی بداخلاقی نے مخالفین میں بھی بدزبانی کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی نے ریاستی اداروں کو مخالفین کے خلاف بے دردی سے استعمال کیا۔ لیگی رہنما نے مزید کہا کہ 2018 کے عام انتخابات میں عمران نیازی اور ان کے سہولتکار جرنیلوں اور ججوں نے سازش کر کے مسلم لیگ ن کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا۔
سعد رفیق نے پی ٹی آئی پر ممنوعہ فارن فنڈنگ، ریاستی وسائل کی لوٹ مار، جھوٹے وعدے، اور مذہب کا بے دریغ استعمال جیسے الزامات بھی عائد کیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے قومی سلامتی سے کھلواڑ کیا اور ملک کو معاشی بدحالی کی طرف دھکیلا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ آج اگر جمہوریت کمزور ہے تو اس کے بڑے ذمہ دار عمران نیازی اور ان کے سہولتکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک پی ٹی آئی اپنے فاشسٹ رویے کو ترک نہیں کرتی اور قوم سے اپنی اصلاح کا وعدہ نہیں کرتی، ان کی آواز ہمیشہ پی ٹی آئی کی سماعتوں سے ٹکراتی رہے گی۔
سابق وزیر ریلوے نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ اپنی غلطیوں پر خود کو ٹوکا ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا ایک طاقت ضرور ہے مگر میدانِ عمل نہیں، مخالفین کا احترام اور دلائل کے ساتھ اختلاف دونوں ساتھ ساتھ چلیں گے۔ سعد رفیق نے واضح کیا کہ تشدد اور جبر کی ہر شکل ناقابل قبول ہے، خواہ کوئی بھی کرے۔