عمان کے دارالحکومت مسقط میں شیعہ مسجد پر حملہ
مسقط: عمان کے دارالحکومت مسقط کے علاقے وادی الکبیر کی امام علی مسجد میں مجلس کے دوران دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، نامعلوم افراد نے امام علی مسجد میں مجلس عزا کے دوران فائرنگ کی۔ اس وقت مسجد میں 700 سے زائد افراد موجود تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 15 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں اکثریت پاکستانیوں کی ہے۔
رائل عمان پولیس کے مطابق، وادی الکبیر کے علاقے میں مسجد پر فائرنگ کی اطلاعات ملی ہیں اور اس واقعے میں 5 افراد کے جاں بحق اور درجنوں زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ عمان، جو علاقائی تنازعات میں ثالث کا کردار ادا کرنے کے لیے جانا جاتا ہے، وہاں اس نوعیت کے حملے بہت کم دیکھنے میں آتے ہیں۔
مسقط میں امریکی سفارت خانے نے فائرنگ کے واقعے کے بعد سیکیورٹی الرٹ جاری کیا اور تمام ویزا اپائنٹمنٹس منسوخ کر دی ہیں۔ سفارتخانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر امریکی شہریوں کو چوکنا رہنے اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔
عمان میں موجود اے ایف پی کے ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد لوگوں کو امام علی مسجد سے بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس دوران گولیوں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں اور لوگ "یا حسین، یا حسین” کے نعرے لگاتے ہوئے باہر نکل رہے تھے۔
پولیس نے کہا کہ صورتحال کو قابو میں کرنے کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات اور طریقہ کار اپنائے گئے ہیں اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں تاکہ حملے کی تفصیلات معلوم کی جا سکیں۔